نئی دہلی:15/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی زبردست جیت کے بعد آج پہلی بار لوک سبھا میں آنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا پارٹی ارکان نے میز تھپتھپا کر استقبال کیاہے۔بی جے پی ارکان نے ایوان میں ’جے شری رام‘اور ’بھارت ماتا کی جے‘کے نعرے بھی لگائے۔وزیر خارجہ سشما سوراج کا لوک سبھا میں خیر مقدم کیا گیا۔دراصل سشما دسمبر میں گردے کی پیوند کاری کے بعد پہلی بار پارلیمنٹ آئی تھیں، وہیں وزیر اعظم مودی یوپی، اتراکھنڈ گوا اور منی پور میں بی جے پی کی شاندار جیت کے بعد لوک سبھا میں آئے تھے۔ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن لیڈر ملکا ارجن کھڑگے نے وزیر خارجہ سشما سوراج کا خیر مقدم کیا اور انہیں طویل عمر کی دعائیں دی۔اسپیکر سمترا مہاجن نے بھی کہا کہ طویل وقت کے بعد آپ کی موثر آواز ایوان میں گونجی، اچھا لگا، جس پر تمام ممبران پارلیمنٹ نے میز تھپتھپایا، سشما ایوان میں پانی اور دوائیں لے کر آئیں تھیں۔جس وقت وزیر اعظم مودی ایوان میں آئے، اس وقت سری نیو اس نانی وزارت مواصلات سے متعلق سوال پوچھ رہے تھے اور انہیں کچھ دیر رکنا پڑا۔بی جے ڈی رکن جے پانڈا کو بھی اپنی جگہ پر میز تھپتھپاتے ہوئے دیکھا گیا، کچھ دیر بعد ٹی آر ایس کے جتیندر ریڈی نے وزیر اعظم کے پاس جا کر انہیں مبارکباد دی۔قابل ذکرہے کہ بی جے پی اور ا س کی اتحادی پارٹیوں کو اتر پردیش کی 403رکنی اسمبلی میں 324سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔بی جے پی نے گوا اور منی پور میں بھی حکومت بنالی ہے۔ اتراکھنڈ میں بھی پارٹی کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ حالانکہ وزیر اعظم ایوان میں کچھ دیر ہی رکے۔